شیموگہ 4؍مئی (ایس او نیوز) شیموگہ سے قریب 15کیلو میٹر کی دوری پر دیر رات گئے پیش آنے والے ایک خطرناک سڑک حادثے میں 7افراد موقع پر ہی ہلاک ہونے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
رپورٹ کے مطابق درختوں کے بڑے بڑے تنے بھرے ہوئے ٹرک کے پیچھے سے انووا کار بڑی تیز رفتاری سے ٹکراگئی اور تقریباً آدھی سے زیادہ کار ٹرک کے پچھلے حصے میں گھس گئی، جبکہ ٹکر لگتے ہی درختوں کے تنے کار پر گرپڑے، جس میں دب کر کار پر سوار سبھی افراد ہلاک ہوگئے۔ اس تصادم کے نتیجے میں موقع پر ہی ہلاک ہونے والوں میں ماگڈی بنگلورو کے رہنے والے انووا کار ڈرائیورمدھواور پروین، شریدھر جالہلّی ، ملّیش منڈیا،راج شیکھر سورب، راگھویندرا شکاری پور اور چوراڈی کے رہنے والے منجوناتھ شامل ہیں۔
بتایا گیا ہے کہ یہ سب لوگ ساگر میں اپنے ایک رشتہ دار کی شادی میں شرکت کے لئے بنگلورو سے انووا کار میں سفر کررہے تھے۔تصادم اتنا شدید تھا کہ لاری پر موجود درختوں کے تنوں کے بیچ پھنسی ہوئی کار کو الگ کرنے کے لئے کرین کا استعمال کرنا پڑا۔
حادثے کی اطلاع ملنے پر اے ایس پی متھو راج اورڈی وائی ایس پی چندراشیکھر شیٹی نے موقع پر پہنچ کر معائنہ کیا۔کُمشی پولیس اسٹیشن میں معاملہ درج کرلیا گیا ہے۔